Kya Injection Lagwanay Se Roza Toot Jata Hai ?

حالتِ روزہ  میں انجیکشن لگوانے کا حکم

مجیب:محمد ساجد  عطاری

مصدق: مفتی فضیل رضا عطاری

فتوی  نمبر: 20

تاریخ  اجراء: 07رمضان المبارک4214ھ/20اپریل2021ء

دارالافتاء  اہلسنت

(دعوت  اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلے کے بارے میں کہ شوگر کے مریض انسولین کا انجیکشن استعمال کرتے ہیں،جو رَگ کی بجائے گوشت میں لگایا جاتا ہے، توشوگروالے روزے کی حالت میں انسولین کا انجیکشن لگاسکتے ہیں یانہیں ؟ اس سے روزہ ٹوٹے گا یا نہیں ؟

بِسْمِ  اللہِ  الرَّحْمٰنِ  الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ  بِعَوْنِ  الْمَلِکِ  الْوَھَّابِ  اَللّٰھُمَّ  ھِدَایَۃَ  الْحَقِّ  وَالصَّوَابِ

   حالتِ روزہ میں انسولین کا انجیکشن لگانا ، جائزہے۔ اس سے روزہ نہیں ٹوٹتا ، کیونکہ عمومی طور پر انجیکشن کی سوئی جوف یا دماغ تک نہیں پہنچائی جاتی اور جوف تک جانے کا کوئی عارضی راستہ بھی نہیں بنتاکہ جس کے ذریعے دوائی جوف تک پہنچ سکے ، لہٰذایہ انجیکشن روزہ ٹوٹنے کا سبب نہیں ۔ مسامات کے ذریعے کسی چیز کا داخل ہوناویسے ہی روزے کے منافی نہیں ، جیسا کہ جسم پر تیل لگانے سے روزہ نہیں ٹوٹتا کہ تیل اگرچہ جسم کے اندر جاتا ہے ، لیکن مسامات کے ذریعے اور یہ روزے کے خلاف نہیں ۔

   فتاویٰ فیض الرسول میں ہے :’’تحقیق یہ ہے کہ انجیکشن سے روزہ نہیں ٹوٹتا چاہے رَگ میں لگایا جائے چاہے گوشت میں۔‘‘( فتاویٰ فیض الرسول ، کتاب الصوم ، جلد 1 ، صفحہ 514 ، شبیر برادرز ، لاھور )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم