Jari Pani Konsa Hota Hai ? Jari Pani Ki Tareef Kya Hai ?

جاری پانی کی تعریف کیا ہے ؟

مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1682

تاریخ اجراء:18شوال المکرم1445 ھ/27اپریل2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   زمین پر پانی کے جاری ہونے کیلئے کتنا فاصلہ  تک بہہ کر جانا لازم ہے ؟ یعنی زمین پر کتنی دور تک پانی بہہ رہا ہو، تو اسے جاری پانی کہہ سکیں گے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جاری (بہتے ) پانی کے لئے فاصلے کی قید نہیں ہے  کہ اتنے فاصلے پر بہے تو ہی جاری پانی کہلائے گا ،  بلکہ فقہائے کرام رحمہم اللہ تعالیٰ کی بیان کردہ تعریف کے مطابق’’ جس پانی میں تنکا ڈال دیں تو بہاکر لے جائے ، ایسا پانی جاری پانی کہلاتا ہے ‘‘  یہ خود بھی پاک ہے اور پاک کرنے والا بھی ہے ، ایسا پانی نجاست کے پڑجانے سے ناپاک نہ ہوگا جب تک نجاست اس کے رنگ، بو یا مزے کو نہ بدل دے۔  

   بہارِ شریعت میں ہے: ’’بہتا پانی کہ اس میں تنکا ڈال دیں تو بہالے جائے پاک اور پاک کرنے والا ہے، نَجاست پڑنے سے ناپاک نہ ہو گا جب تک وہ نجس اس کے رنگ یا بو یا مزے کو نہ بدل دے، اگر نجس چیز سے رنگ یا بو یا مزہ بدل گیا تو ناپاک ہو گیا، اب یہ اس وقت پاک ہو گا کہ نَجاست تہ نشین ہو کر اس کے اوصاف ٹھیک ہو جائیں یا پاک پانی اتنا ملے کہ نَجاست کو بہالے جائے یا پانی کے رنگ، مزہ، بُو ٹھیک ہو جائیں اور اگر پاک چیز نے رنگ، مزہ، بوُ کو بدل دیا تو وُضو غُسل اس سے جائز ہے جب تک چیز دیگر نہ ہو جائے۔‘‘(بہارِ شریعت، جلد1،حصہ2،صفحہ330، مکتبۃ المدینہ، کراچی )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم