Khoon Kapre Par Lag Jaye To Kapra Kitni Bar Dhona Hoga ?

خون اگر کپڑے پرلگا ہو تو کپڑا کتنی بار دھونا ہوگا ؟

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1418

تاریخ اجراء: 28جمادی الثانی1445 ھ/11جنوری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   خون والی نجاست مرئی ہے یا غیر مرئی؟ خون لگے کپڑوں کو پاک کرنے کا طریقہ کیا ہے ؟ کیا غیر جاری پانی سے دھوتے وقت ان کو بھی تین بار دھونا اور تین بار نچوڑنا ضروری ہے ؟ یا محض خون کا اثر چھڑالینا کافی ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   خون دلدار نجاست مرئیہ میں شامل ہے ، اس کو دھونے میں گنتی شرط نہیں ہے،بلکہ جتنی بار دھونے میں خون کا اثر صاف ہوجائے، اتنی بار دھونا ہوگا۔

   بہار شریعت میں ہے:”نَجاست اگر دَلدار ہو (جیسے پاخانہ، گوبر، خون وغیرہ) تو دھونے میں گنتی کی کوئی شرط نہیں بلکہ اس کو دور کرنا ضروری ہے ،اگر ایک بار دھونے سے دور ہو جائے تو ایک ہی مرتبہ دھونے سے پاک ہو جائے گا اور اگر چار پانچ مرتبہ دھونے سے دور ہو تو چار پانچ مرتبہ دھونا پڑے گا ہاں اگر تین مرتبہ سے کم میں نَجاست دور ہو جائے تو تین بار پورا کرلینا مستحب ہے۔“(بہار شریعت، جلد1، حصہ 2، صفحہ 397، مکتبۃ المدینہ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم