Kya Joon Ka Khoon Pak Hai ?

کیا جوں کا خون پاک ہوتا ہے؟

مجیب:مفتی ابو محمد علی اصغر عطاری

فتوی نمبر: Nor-12109

تاریخ اجراء: 16رمضان المبارک1443 ھ/18اپریل 2022   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا جوں کا خون پاک ہوتا ہے، بہت سے لوگ کہتے ہیں کہ یہ نا پاک ہو تا ہے ؟؟ رہنمائی فرمادیں۔سائل: ذیشان شیخ(via،میل)

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جوں کا خون پاک ہوتا ہے، بدن یا کپڑوں پر جوں کا خون لگ جانے سے وہ کپڑے ناپاک نہیں ہونگے۔ لہذا لوگوں کا اسے ناپاک کہنا شرعی اعتبار سے درست نہیں۔

   چنانچہ فتاوٰی عالمگیری میں ہے : ”ودم البق والبراغيث والقمل والكتان طاهر وإن كثر۔ كذا في السراج الوهاج “ یعنی کٹھمل، پسو،جوں اور کتان (سرخ رنگ کا کیڑا جو شدید کاٹتا ہے)کا خون پاک ہے، اگر چہ کثیر مقدار میں ہو، جیسا کہ سراج الوہاج میں مذکور ہے۔ (فتاوٰی عالمگیری، کتاب الطھارۃ، ج 01، ص 46، مطبوعہ پشاور)

   فتاوٰی شامی میں ہے:”(ودم سمك وقمل وبرغوث وبق) أي: وإن كثر بحر ومنية۔۔۔۔وشمل ما كان في البدن والثوب تعمد إصابته أو لا۔ اهـ۔ حلية، وعليه فلو قتل القمل في ثوبه يعفى عنه، وتمامه في الحلية۔ ولو ألقاه في زيت ونحوه لا ينجسه لما مر في كتاب الطهارة من أن موت ما لا نفس له سائلة في الإناء لا ينجسه ۔ “ترجمہ: ”مچھلی، جوں، پسو اور کھٹمل کا خون پاک ہے یعنی اگرچہ یہ کثیر ہو۔ "بحر "اور "منیہ" میں یہ مذکور ہے۔۔۔۔یہ اسے بھی شامل ہے جو بدن اور کپڑے پر موجود ہو خواہ اس کے پہنچنے کا ارادہ کیا گیا ہو یا نہیں۔ الخ "حلیہ"، اسی بنا پر اگر کسی نے جوں کو اپنے کپڑے پر مارا تو وہ خون معاف ہے، یہ تمام بحث "حلیہ" میں مذکور ہے۔ اور اگر اس نے جوں کو زیتون وغیرہ میں ڈال دیا تو وہ ناپاک نہیں ہوگا جیسا کہ کتاب الطہارۃ میں یہ بات گزر چکی ہے کہ برتن میں ایسے جاندار کی موت کہ جس میں بہتا خون نہ ہو تو وہ اس برتن کو ناپاک نہیں کرتا “ ۔ (رد المحتار مع الدر المختار، کتاب الطھارۃ، ج01،ص 576،مطبوعہ کوئٹہ)

   بہارِ شریعت میں ہے:”مچھلی اور پانی کے دیگر جانوروں اورکھٹمل اور مچھر کا خون اور خچر اور گدھے کا لعاب اور پسینہ پاک ہے۔  (بہارِ شریعت، ج 01، ص 392، مکتبۃ المدینہ،کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم