Napak Foam Pak Karne Ka Tarika

ناپاک فوم پاک کرنے کا طریقہ 

مجیب: مولانا کفیل مدنی

فتوی نمبر:Web-305

تاریخ اجراء: 03ذیقعدۃالحرام1443 ھ/03جون 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بچہ اگر بیڈ کے فوم پر پیشاب کردے ،تو اسے پاک کیسے کیا جائے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   بچہ اگر فوم پر پیشاب کر دے توفوم پاک کرنے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ تین مرتبہ دھوئیں اور ہر مرتبہ اتنی دیر کےلیے چھوڑدیں کہ قطرے ٹپکنا بند ہوجائیں، تیسری مرتبہ دھونے کے بعد جب قطرے ٹپکنا بند  ہوجائیں تو فوم پاک ہوجائےگا۔ ان چیزوں کا دھوتے وقت نچوڑنا اور دوسری یا تیسری مرتبہ دھونے سے پہلے خشک ہونا ضروری نہیں۔ اور  دوسرا طریقہ یہ ہے کہ بہتے پانی میں فوم کو چھوڑ دیں ،جب نجاست زائل ہونے کایقین ہو جائے  تو فوم پاک ہو جائے گا ۔یہ یادرہےکہ صرف چھینٹے یا گیلا کپڑا مار دینے سے فوم پاک نہ ہو گا۔

   البتہ نجاست کے خشک ہو جانے کے بعد اگر اس پر کوئی پاک کپڑا یا بیڈ شیٹ وغیرہ بچھا دی جائے ،تو اس کپڑے پر بیٹھ کر تلاوت و اذکار وغیرہ کر سکتے ہیں،اس صورت میں اگرچہ فوم ناپاک ہی ہوگا، مگر جب اس کی اوپری سطح پر کوئی پاک چیز بچھادی، تو اس پر بیٹھ کر تلاوت یا ذکر و اذکار کرنے میں حرج نہ ہوگا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم