Thori Najasat Wale Kapre Ko Pak Kapron Ke Sath Dhone Ka Hukum

تھوڑی نجاست والے کپڑے کو پاک کپڑوں کے ساتھ دھونے کا حکم

مجیب: مولانا احمد سلیم عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2689

تاریخ اجراء: 23شوال المکرم1445 ھ/02مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کسی کپڑے پر نجاست غلیظہ ایک درہم سے کم لگی ہو اور وہ کپڑا پاک کپڑوں کے ساتھ مشین میں دھل جائے تو کیا حکم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نجاستِ خفیفہ ہو یا غلیظہ ،اگر یہ مانع نماز سے کم مقدار میں لگی ہو، تب بھی  نجاست  کی جگہ پاک نہیں کہلائے گی، بلکہ وہ نجس ہی ہے اور اگر کسی قلیل  مائع چیز میں نجاستِ خفیفہ یا غلیظہ کا ایک قطرہ بھی گر جائے تو وہ نجاست اُس پورے مائع کو ناپاک کر دے گی،اس لئے اگر کپڑے پر ایک درہم سے کم نجاست لگی ہو تب بھی اگر اس کپڑے کو پاک کئے بغیر ہی پاک کپڑوں کے ساتھ واشنگ مشین یا بالٹی وغیرہ میں بھگو دیا تو سارے کپڑے ناپاک ہو جائیں گے اور ایسا کرنا جائز نہیں۔

   قلیل پانی میں اگر نجاست کا ایک قطرہ بھی گرجائے، تو وہ سارا پانی ہی ناپاک ہوجاتا ہے، جیسا کہ فتاوٰی رضویہ میں ہے:ان النجس اذا وقع فی الماء القلیل المذھب قطعا شیوع النجاسۃفینجس الکل وحینئذیعنی جب نجاست تھوڑے پانی میں گر جائے تو قطعی مذہب یہ ہے کہ نجاست تمام کو شامل ہوگی اور اس وقت وہ کل پانی نجس شمار ہوگا۔(فتاوٰی رضویہ،ج02،ص164،رضافاؤنڈیشن، لاہور)

   مزید ایک دوسرے مقام پر سیدی اعلیٰ حضرت علیہ الرحمہ ارشاد فرماتے ہیں:ان ماء الغدیر یتنجس کلہ معاً بوقوع قطرۃ من نجس وما ھو الا لانہ شیئ واحد لقاء جزء منہ لقاء الکل کما بینایعنی تالاب کا کل پانی بیک وقت ناپاک ہوجاتا ہے جبکہ اس میں نجاست کا کوئی قطرہ گر جائے، اور یہ اسی لئے ہے کہ وہ شَے واحد کی طرح ہے، اُس کے ایک جُزء سے ملاقات کل سے ملاقات ہے، جیسا کہ ہم نے بیان کیا۔(فتاوٰی رضویہ،ج02،ص167، رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

   پا ک چیز کو ناپاک کرنے سے متعلق حاشیہ طحطاوی میں ہے”وتنجیس الطاھر بغیر ضرورۃ لا یجوزیعنی بغیر کسی وجہ کے پاک چیز کو ناپاک کرنا،جائز نہیں ہے(حاشیۃ الطحطاوی علی مراقی الفلاح،ج1،ص79،مطبوعہ  مکتبہ غوثیہ )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم