Wazu Aur Ghusl Me Aankh Ke Kone Dhone Ka Hukum

وضو اورغسل میں آنکھ کے کوئے پرپانی بہانے کا حکم

مجیب:    ابو محمد مفتی علی اصغر عطاری مدنی

فتوی نمبر: Nor-12249

تاریخ اجراء: 22 ذو القعدۃ الحرام 1443 ھ/22جون 2022   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیا وضو یا غسل کرتے وقت آنکھ کے کوئے پر پانی بہانا ضروری ہے؟ اگر ضروری ہے تو پھر کیا آنکھ کھول کر اس میں پانی بہایا جائے گا؟؟  رہنمائی فرمادیں۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں! وضو اور  غسل میں آنکھ کے کوئے (یعنی ناک کی طرف آنکھ کے کونے) پر پانی بہانا فرض ہے۔ البتہ  نارمل انداز میں چہرہ دھونے سے بھی یہ فرض ادا ہوجائے گا باقاعدہ آنکھ کھول کر اس حصے میں پانی بہانا کوئی ضروری نہیں

   آنکھ کے کوئے  پر پانی بہانا فرض ہے۔ جیسا کہ رد المحتار میں ہے:”(فیجب غسل المیاقی) جمع موق ۔ ۔ ۔ و ھو طرف العین المتصل بالانف۔“ یعنی وضو میں ناک سے متصل آنکھ کی طرف کو دھونا فرض ہے، میاقی یہ موق کی جمع ہے ۔(رد المحتار مع الدر المختار،کتاب الطھارۃ، ج 01، ص 219، مطبوعہ کوئٹہ، ملتقطاً)

   فتاوٰی عالمگیری میں ہے:”وإيصال الماء إلى داخل العينين ليس بواجب ولا سنة ولا يتكلف في الإغماض والفتح حتى يصل الماء إلى الأشفار وجوانب العينين۔ كذا في الظهيرية ۔ “یعنی (وضو میں)پانی کو آنکھ کے اندرونی حصے میں پہنچانا نہ تو واجب ہے اور نہ ہی سنت ہے۔ البتہ  پانی آنکھوں کے کناروں پر پہنچ جائے اس کے لیے بندے کو آنکھ کھولنے اور بند کرنے کا مکلف نہیں کیا جائے گا، جیسا کہ ظہیریہ میں مذکور ہے۔ (فتاوٰی عالمگیری،کتاب الطھارۃ، ج 01، ص 07،  مطبوعہ پشاور)

   بہارِ شریعت میں ہے:” آنکھ کے کوئے  پر پانی بہانا فرض ہے مگر سرمہ کا جرم کوئے یا پَلک میں رہ گیا اور وُضو کرلیا اور اِطلاع نہ ہوئی اور نماز پڑھ لی تو حَرج نہیں نماز ہوگئی، وُضو بھی ہو گیا اور اگر معلوم ہے تو اسے چُھڑا کر پانی بہانا ضرور ہے۔“(بہار شریعت،ج01، ص290، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

   فتاوٰی رضویہ میں ہے:’’وضو میں جس جس عضو کا دھونا فرض ہے غسل میں بھی فرض ہے۔ “(فتاوٰی رضویہ ،ج01(حصہ ب)،ص603،رضافاؤنڈیشن، لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم