Electric Knife Se Zibah Karna Kaisa ?

الیکٹرک چھری سے  جانورذبح کرنا

مجیب: مولانا محمد انس رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر: WAT-549

تاریخ اجراء: 12رجب المرجب  1443ھ/14فروری2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   جانور کو بسم اللہ پڑھ کر  الیکٹرک چھری سے ذبح کیا تو وہ حلال ہو گایانہیں؟الکیٹرک چھری کااندازیہ ہے کہ اس کے پیچھے والاحصہ استری کی مثل ہے اورآگے اس کے چھری لگی ہوئی ہے ،جب اس کاسوئچ بجلی میں لگاتے ہیں توچھری چلناشروع ہوجاتی ہے اوروہ خودجانورذبح کرتی ہے ،کسی انسان کی طاقت اس میں شامل نہیں ہوتی ۔

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اسلام نے ذبح کی کچھ شرائط بیان کی ہیں ،جن میں سے کچھ یہ ہیں :  ذبح کرنے والا، صاحب عقل و شعور ہو اور وہ مسلمان یا کم از کم کتابی ہو اور وہی  ذبح کا مباشر ہو  یعنی اپنے قصد و اختیار سے   جانور کے گلے کی رگیں  کاٹےاوروقت ذبح ،ذبح کرنے والاخوداللہ تعالی کانام لے،قصدانام خدالیناترک نہ کرے۔

       جبکہ  الیکٹرک چھری سے ذبح کرنے کی صورت میں مشینی ذبح کی طرح جانور کے گلے کی رگیں کاٹنے والا  کوئی صاحب عقل و شعور مسلمان یا کتابی نہیں ہوتا  بلکہ ذبح کرنے والی   ایک بے جان چیز ہے، لہذا الیکٹرک چھری سے ذبح کیا ہوا جانور دیگر مشینی ذبیحوں کی طرح حرام و مردار ہو گا۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم