نماز میں عورت کے بال نظر آرہے ہوں تو؟

مجیب: مفتی فضیل صاحب مدظلہ العالی

تاریخ اجراء:ماہنامہ فیضان مدینہ فروری 2018

دَارُالاِفْتَاء اَہْلسُنَّت

(دعوت اسلامی)

سوال

    کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرعِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ نماز میں عورت کے بال نظر آرہے ہوں تو کیا عورت کی نماز ہوجائے گی؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   عورت کے بال اَعضائے سَتْر میں سے ہیں، عورت پر ان کا پردہ فرض ہے اور اَعضائے سَتْر میں سے کوئی عُضو حالتِ نماز میں ظاہر ہو تو نماز درست ہونے یا نہ ہونے میں اس کی چوتھائی کا اِعتبار ہے۔لہٰذا چوتھائی سے کم بال کُھلے ہوئے ہوں تو نماز ہوجائے گی اور اگرچوتھائی یا اس سے زیادہ مِقدارمیں بال کُھلے ہوئے ہیں یا چادر، دوپٹہ باریک ہونے کی وجہ سے چوتھائی کی مِقدار بالوں کی رَنگت ظاہر ہورہی ہے  تو اس بِنا پر نماز نہ ہونے کی دو صورتیں ہیں:

    (1)اگرعورت نے نماز ہی اس حالت میں شروع کی کہ اِس قَدر بال کھلے ہوئے تھے یا ان کی رَنگت ظاہر ہورہی تھی تو نماز شروع ہی نہیں ہوئی

    (2) اگر یہ حالت نماز شروع ہونے کے بعد پیدا ہوئی اورعورت نےاِسی حالت میں کوئی  رکن ادا کرلیا یا ایک رکن یعنی تین مرتبہ سُبحٰن اللہ کہنے کی مِقدار(دیر) گُزرگئی  تو نماز فاسد ہو گئی اور اگر ایک  رکن (یعنی تین مرتبہ سُبحٰن اللہ کہنے )کی مُدت گزرنے سے پہلے ہی بال چھپالئے تو نماز ہوگئی ۔

    یاد رہےکہ یہ تفصیل چوتھائی کی مِقدار بِلا قَصد(بغیر اِرادہ کے) کُھل جانے کی صورت میں ہے،اگرکوئی عورت قَصداً (جان بوجھ کر) حالتِ نماز میں چوتھائی کی مِقدار بال کُھول لے  تو فورا ًنماز فاسد ہوجائے گی اگرچہ ایک رُکْن کی مِقدار تاخیر نہ کی ہو۔

    تنبیہ:عورت کے اَعضائے سَتْر میں سَر اور سَر سے جوبال لٹک رہے ہوتے ہیں یہ دو الگ الگ عُضو کی حَیثِیّت رکھتے ہیں۔  سَر کی تعریف یہ ہے کہ پیشانی سے اوپر جہاں سے عادۃً بال اُگنا شروع ہوتے ہیں وہاں سے لیکر گردن کی شُروع تک طُول میں اور ایک کان سے دوسرے کان تک عَرض میں(یعنی عادۃً جہاں بال اُگتے ہیں)یہ سَر ہے۔لِہٰذا اگر نظر آنے والے بال سَر کی حد میں ہوں مثلاً پیشانی کی جانِب سے بال نظر آرہے ہوں تو اس میں سَر کی چوتھائی کا لِحاظ ہوگا اور اگرسَر سے لٹکنے والے بالوں میں سے کچھ ظاہر ہوں تو صرف ان  لٹکنے والے بالوں کی چوتھائی دیکھی جائے گی۔

وَاللہُ اَعْلَمُعَزَّوَجَلَّوَرَسُوْلُہ اَعْلَمصَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم