Aurat Kaffare Ke 60 Roze Kis Tarah Rakhe ?

عورت کفارے کے ساٹھ روزے کس طرح رکھے؟

مجیب: مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2696

تاریخ اجراء: 25شوال المکرم1445 ھ/04مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اسلامی بہن روزے کا کفارہ کس طرح ادا کرے  کیونکہ وہ پیریڈز کی وجہ سے 60 روزے مسلسل نہیں رکھ سکتی ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   شریعت کی طرف سے روزہ کے کفارہ میں اسلامی بہنوں کو یہ رخصت دی گئی ہے کہ ایام مخصوصہ کے آنے سے پہلے رکھے گئے روزوں  کی گنتی ختم نہیں ہوتی بلکہ باقی رہتی ہے۔لہذا اسلامی بہن روزہ کے کفارہ میں روزہ رکھیں گی اس دوران اگر پیریڈز آجائے توبعدمیں نئے سرے سے رکھنے کا حکم نہیں ہوگا ،بلکہ  پاک ہوجانے کے فورابعد بقیہ روزے مسلسل رکھنے سے کفارہ ادا ہوجائے گا ۔

   بدائع الصنائع میں ہےاذا افطرت المراة بسبب الحيض الذی لا يتصور خلو شهر عنه انها كما طهرت يجب عليها ان تصل وتتابع حتى لو تركت يجب عليها الاستقبال ترجمہ: دورانِ کفارہ حیض آنے کے سبب عورت روزہ چھوڑے گی کہ عام طور پر کوئی مہینا حیض سے خالی نہیں ہوتا ،پھر پاک ہونےپراس پر لازم ہوگاکہ باقی رہ جانے والےروزےمسلسل رکھے یہاں تک کہ اگرپاک ہونے کے بعد ایک دن بھی روزہ چھوڑا، تونئے سرے سےکفارے کے روزے رکھنے ہوں گے۔(بدائع الصنائع ،ج2،ص582،مطبوعہ دارالحدیث، مصر)

   صدر الشریعہ بدر الطریقہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمۃ بہار شریعت میں لکھتے ہیں:’’اگرعورت نےرمضان کاروزہ توڑ دیا اور کفارہ میں روزےرکھ رہی تھی اورحیض آگیا، تو سرے سے رکھنے کا حکم نہیں ،بلکہ جتنے باقی ہیں اُن کا رکھنا کافی ہے۔(بہار شریعت،ج2،حصہ 8،ص214، مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم