Haiz Ki Halat Mein Niaz Ke Liye Khana Banana

حیض کی حالت میں نیاز کے لئے کھانا بنانا

مجیب: مولانا جمیل احمد غوری عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1259

تاریخ اجراء: 26جمادی الاول1445 ھ/11دسمبر2023   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا عورت حیض کی حالت میں نیاز کے لئے کھانا یا حلوہ بنا سکتی ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   جی ہاں،بنا سکتی ہے۔حیض ہاتھوں میں نہیں ہوتا اور حائضہ کے ہاتھ کا کھانا مکروہ نہیں ہوتا۔ حالتِ حیض میں  کھانا  یا حلوہ وغیرہ پکانا جائز  ہے اگرچہ نیاز کے لئے ہو۔

   سیدی اعلیٰ حضر ت امام اہلسنت امام احمد رضا خان رحمۃ اللہ علیہ سے سوال ہوا: ”کیا فرماتے ہیں علمائے دین اس مسئلہ میں کہ حیض والی عورت کی روٹی پکی ہوئی کھانا جائز ہے  یا نہ، اور اپنے ساتھ اس کو روٹی کھلانا جائز ہے  یا نہ، اور اس عرصہ میں اگر مرجائے تو اس کا کیا حکم ہے، حیض کے  کتنے دن ہیں؟“

   آپ رحمۃ اللہ علیہ نے اس کے جواب میں ارشاد فرمایا: ”اس کے ہاتھ کا پکا ہوا کھانا بھی جائز، اسے اپنے ساتھ کھلانا بھی جائز۔ ان باتوں سے احتراز یہود ومجوس کا مسئلہ ہے۔وقدکان رسول اللہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم یدنی راسہ الکریم لأم المؤمنین الصدیقۃ رضی اللہ تعالیٰ عنھا وھی فی بیتھا وھو صلی اللہ تعالیٰ علیہ وسلم معتکف فی المسجد لتغسلہ فتقول أناحائض فیقول حیضتک لیست فی یدک۔سرکارِ دوعالم صلی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلم اپنا سرمبارک دُھلوانے کےلئے ام المومنین حضرت عائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کے قریب کرتے تھے اس وقت آپ گھر میں ہوتیں اور نبی اکرم صلی اللہ تعالیٰ وآلہ علیہ وسلم مسجد میں معتکف ہوتے اُم المومنین عرض کرتیں: میں حائضہ ہوں۔ آپ فرماتے: حیض تمہارے ہاتھ میں تو نہیں ہے۔

   مَر جائے تو اس کے لئے ایک  ہی غسل کافی ہے کمانص علیہ علماؤنا وبہ قال جمھور الائمۃ (جیسا کہ ہمارے علماء نے اس کی تصریح فرمائی ہے اور جمہور ائمہ کا بھی یہی قول ہے۔ ) حیض کم از کم تین رات دن کامل ہے اور زیادہ سے زیادہ دس رات دن کامل۔ واللہ تعالیٰ اعلم۔“(فتاویٰ رضویہ،جلد4،صفحہ355-356،رضا فاؤنڈیشن، لاہور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم