Pehla Bacha Paida Ho Tu Namaz Kab Tak Nahi Parhte ?

پہلی بار نفاس کی حالت ہو تو کتنے دن نماز نہیں پڑھنی چاہیے؟

مجیب: فرحان احمد عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-548

تاریخ اجراء: 17ربیع الاول1444 ھ  /14اکتوبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر عورت کو پہلابچہ پیداہواہوتوکتنے دن نماز نہیں پڑھنی چاہیے ۔۔چند لوگ چالیس دن کا کہتے ہیں ۔۔کیا یہ صحیح ہے یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   نفاس کی زیادہ سے زیادہ مدت چالیس دن ہے کم سے کم کوئی مدت نہیں لہٰذا اگرچالیس دن سے پہلے ہی خون بند ہوگیا تو نہا کر نماز شروع کردے،ا ب  چالیس دن انتظار نہیں کرےگی۔

   تنویر الابصار میں ہے:”لا حد لاقلہ واکثرہ اربعون یوما “یعنی اس کی کم سے کم مدت کی کوئی حد نہیں اور اکثر مدت چالیس دن ہے۔(تنویر الابصار مع رد المحتار، جلد1،صفحہ 546۔547،مطبوعہ:کوئٹہ)

   خواتین کے مخصوص مسائل میں ہے:”اگر چالیس دن مکمل خون نہ آیا بلکہ بچہ پیدا ہونے کے بعد فقط ایک گھنٹہ خون آیا یا فقط ایک دن آیا یا 39 دن آتا رہا ، تو جتنی دیر یا جتنے دن خون آیا فقط اتنا ہی نفاس ہے ، اس کے بعد عورت نہا کر نمازیں پڑھنا شروع کردے گی۔“(خواتین کے مخصوص مسائل، صفحہ 65، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم