Scarf Double Kar Ke Namaz Parhna Kaisa Hai ?

اسکارف ڈبل کرکے نماز پڑھنا کیسا ہے ؟

مجیب: محمد عرفان مدنی عطاری

فتوی نمبر: WAT-1353

تاریخ اجراء:       18جمادی الاخریٰ1444 ھ/11جنوری2023ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   بعض اوقات اسلامی بہنیں اسکارف ڈبل کر لیتی ہیں، تاکہ بال نظر نہ آئیں، تو یہ نماز میں کپڑا فولڈ کرنے میں تو نہیں آئے گا اور نماز میں کوئی فرق تو نہیں پڑے گا؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اسکارف ڈبل کر کے نماز پڑھنے سے نماز بلاکراہت ادا ہو جائے گی،کیونکہ اسکارف کو ڈبل کرنا خلافِ معتاد نہیں، کہ اسکارف اوڑھنے کے لئے عموماً اسے ڈبل ہی کیا جاتا ہے۔اورعادت کے مطابق کپڑے کوڈبل کرنے یاموڑنے سے کف ثوب نہیں ہوتا۔

   فتاوی امجدیہ میں تہبند  کے نیچے لنگوٹ باندھ کر نماز پڑھنے کے متعلق سوال ہوا، اس کے جواب میں صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی علیہ الرحمہ نے  ارشاد فرمایا :لنگوٹ باندھ کر نماز پڑھنا بلاکراہت جائز ۔ واللہ تعالی اعلم

   اس کے حاشیہ میں شارح بخاری علامہ شریف  الحق امجدی علیہ الرحمہ لکھتے ہیں : لنگوٹ میں اگرچہ کپڑا موڑا جاتا ہے اور گھڑ لیا جاتا ہے ، مگر یہ کف ثوب نہیں ، کف ثوب غیر معتاد طریقے پر کپڑے کے گھڑنے اور موڑنے کو کہتے ہیں ۔ 

(فتاوی امجدیہ، ج1، ص 193 ، مطبوعہ :مکتبہ رضویہ، آرام باغ روڈ کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم