Roze Ki Halat Mein Miyan Biwi Ka Ek Dosre Ko Chona

میاں بیوی کا روزہ کی حالت میں ایک دوسرے کو چھونا

مجیب: ابوالفیضان مولانا عرفان احمد عطاری

فتوی نمبر: WAT-2471

تاریخ اجراء: 10شعبان المعظم1445 ھ/21فروری2024   ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیامیاں بیوی دورانِ روزہ ایک دوسرے کو چھو سکتے ہیں؟ اس سے اگر شہوت آ جائے ، تو روزہ ٹوٹ جائے گا یا نہیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   روزے کی حالت میں میاں بیوی کا ایک دوسرے کے بدن کو چھونا   مکروہ  ہے ،  جب کہ اندیشہ ہو کہ انزال ہو جائے گا(یعنی منی شہوت کے ساتھ جداہوکرنکل جائے گی) یا جماع میں مبتلا ہو جائیں گے اور صرف شہوت آنے سے روزہ نہیں ٹوٹے گا ، ہاں اگر  بیوی سے بوس و کنار وغیرہ کرنے یا چھونے  سے انزال ہو گیا(یعنی منی شہوت کے ساتھ جدا ہوکرنکل  گئی) تو روزہ ٹوٹ جائے گا۔

   در مختار میں ہے” (و) كره (قبلة) ومس ومعانقة ۔۔۔ (إن لم يأمن) المفسد“ترجمہ:روزے دار کے لئے بوسہ لینا،بدن چھونا اور معانقہ کرنا مکروہ ہے جبکہ رزوہ توڑنے والی چیز سے امن نہ ہو۔

   اس کے تحت رد المحتار میں ہے” (قوله: إن لم يأمن المفسد) أي الإنزال أو الجماع إمداد“ترجمہ:(مصنف کا قول:روزہ توڑنے والی چیز سے امن نہ ہو)یعنی انزال و جماع سے،امداد۔(رد المحتار علی الدر المختار،کتاب الصوم،ج 2، ص 417،دار الفکر،بیروت)

   بہار شریعت میں ہے” عورت کا بوسہ لینا اور گلے لگانا اور بدن چھونا مکروہ ہے، جب کہ یہ اندیشہ ہو کہ انزال ہو جائے گا یا جماع میں مبتلا ہوگا۔ (بہار شریعت،ج 1،حصہ 5،ص 997،مکتبۃ المدینہ)

   محیط برہانی میں ہے” في «البقالي» : مس الصائم امرأته، وأمذى لا يفسد صومه“ترجمہ:بقالی میں ہے کہ روزہ دار نے اپنی بیوی کو چھوا ،جس سے صرف  اس کی مذی نکلی تو اس کا روزہ نہیں ٹوٹے گا۔(محیط برہانی،کتاب الصوم،ج 2،ص 386،دار الکتب العلمیۃ،بیروت)

   فتاوی ہندیہ میں ہے” وإذا قبل امرأته، وأنزل فسد صومه۔۔۔۔ والمس والمباشرة والمصافحة والمعانقة كالقبلة، كذا في البحر الرائق“ترجمہ:آدمی نے اپنی بیوی کا بوسہ لیا اور اسے انزال ہو گیا تو اس کا روزہ ٹوٹ جائے گا ،اور چھونے،مباشرت،مصافحے اور معانقے کا وہی حکم ہے جو بوسہ لینے کا ہے۔(فتاوی ہندیۃ،کتاب الصوم،ج 1،ص 204،دار الفکر،بیروت)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم