Shawwal Ke 6 Rozon Aur Ayyam e Beez Ke Rozon Ki Ek Sath Niyat

شوال کے چھ روزوں اور ایامِ بیض کے روزوں کی اکٹھی نیت

مجیب: مولانا ذاکر حسین عطاری مدنی

فتوی نمبر:WAT-2684

تاریخ اجراء: 18شوال المکرم1445 ھ/27اپریل2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا شوال کے چھ نفل روزوں  اور ایامِ بیض  کے روزوں کی نیت اکٹھی ہو سکتی ہے ؟ کہ دونوں نیتوں سے 13,14,15  شوال کے روزے رکھیں جائیں اور ایامِ بیض اور شوال کے روزوں کا ثواب ملے ، نیز تین مزید روزے بھی رکھ لیے جائیں گے تاکہ چھ پورے ہو جائیں؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں ایام بیض (13،14،15) میں ایام بیض اور شوال کے روزوں کی نیت سے روزے رکھنے سے دونوں کی طرف سے ادا ہوجائیں گے اور دونوں کا ثواب ملے گا ،چنانچہ الاشباہ والنظائر میں ہے”واما اذا نوی نافلتین،کما اذا نوی برکعتی الفجر التحیۃ والسنۃ واجزات عنھما  ،کما اذا نوی فی یوم الاثنین صومہ عنہ ،وعن یوم عرفۃ اذا وافقہ ،ملخصا“ترجمہ: اور بہرحال جب دو نفلوں کی نیت کی جیساکہ جب نیت کی فجر کی دو رکعت سے تحیۃ اور سنت کی تو دونوں سے کفایت کرے گی ،جیساکہ جب نیت کرے پیر کے دن میں پیر اور یوم عرفہ کی طرف سے روزے کی جب یوم عرفہ پیر کے موافق ہو(تو دونوں کی طرف سے کفایت کر جائے گی۔) (الاشباہ والنظائر ،ج 01،ص 147،مطبوعہ:ادارۃ القرآن والعلوم الاسلامیہ )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم