Halat e Ihram Mein Sar Par Tel Lagane Ka Hukum

حالتِ احرام میں سر پر تیل لگانا

مجیب:مولانا محمد کفیل رضا عطاری مدنی

فتوی نمبر:Web-1678

تاریخ اجراء:25شوال المکرم1445 ھ/04مئی2024  ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   کیا حاجی احرام کی حالت میں سر پر تیل لگا سکتا ہے ؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   حاجی یونہی معتمر(یعنی عمرہ کرنے والا) احرام کی حالت میں خوشبودار تیل نہیں لگاسکتا، اسی طرح    تِل اور زیتون کا تیل بھی نہیں  لگاسکتا  کہ یہ  بھی خوشبو کے حکم میں ہے، اس کے علاوہ تیل استعمال کرنے میں کوئی حرج نہیں ۔

   بہارِ شریعت میں ہے: ”روغنِ چمیلی وغیرہ خوشبودار تیل لگا نے کا وہی حکم ہے جو خوشبو استعمال کرنے میں تھا۔(یعنی نہیں استعمال کرسکتے) ۔۔۔  تِل اور زیتون کا تیل خوشبو کے حکم میں ہے اگرچہ ان میں خوشبو نہ ہو، البتہ ان کے کھانے اور ناک میں چڑھانے اور زخم پر لگانے اور کان میں ٹپکانے سے صدقہ واجب نہیں۔  (ملتقط از بہارِ شریعت، جلد1، حصہ6، صفحہ1166، مکتبۃ المدینہ، کراچی )

   جو باتیں احرام میں جائز ہیں ان کو بیان کرتےہوئے صدر الشریعہ مفتی امجد علی اعظمی رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”گھی یا چربی یا کڑوا تیل یا ناریل یا بادام کدو، کاہو کا تیل کہ بسایا نہ ہو  بالوں یا بدن میں لگانا۔(بھارِ شریعت، جلد 1،حصہ 6، صفحہ 1082، مکتبۃ المدینہ، کراچی)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم