Kya Ghusal Karne Ke Liye Ihram Ki Chaddarain Utar Sakte Hain?

کیا احرام کی چادریں تبدیل کر سکتے ہیں ؟

مجیب:مفتی محمدقاسم عطاری

فتوی نمبر:Sar-7880

تاریخ اجراء:21ذی القعدۃ الحرام1443ھ/21جون2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

     کیا فرماتے ہیں علمائے دین و مفتیانِ شرع متین اس مسئلےکےبارے میں کہ عمرہ کے احرام کی حالت میں اگر کوئی نہانا چاہے،  تو کیا غسل کے لیے احرام کی چادریں اتار سکتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

     حج یاعمرہ کی نیت سے احرام باندھنے کے بعد کسی ضرورت ، مثلاً نہانے یا اِحرام تبدیل کرنے وغیرہ کےلیے  اِحرام کی چادریں اُتارنا ، جائز ہے ، شرعاً اس میں کوئی حرج نہیں ، نہ ہی اس سے مُحْرِمْ  اِحرام سے باہر ہو جاتاہے ، بلکہ احرام سے باہر تب ہی ہوگا  ،جب عمرہ  کے تمام مناسک ادا  کر لینے کے بعد حلق یا تقصیر  کروا لے گا ،البتہ نہانے میں چند باتوں کا لحاظ ضروری ہے ، احرام کے ممنوعات سے بچے  ، شیمپو استعمال نہ  کرے ، میل چھڑائے بغیر   نہائے  ، اس طرح  نہائے کہ کوئی بال نہ ٹوٹنے پائے۔

     تنبیہ :عام لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ شاید اِحرام کی چادر پہننے کو حالتِ احرام کہتے ہیں ، اِسی لیے وہ چادر تبدیل کرنے  یا اُتارنے پربھی سوچ میں پڑتے ہیں کہ کہیں اِحرام نہ کُھل جائے ، یہ غلط فہمی مسائل سے آگاہی نہ ہونے کی بنا پرہے ،  احرام دراصل ایک حالت  کا نام ہے ،جس کا دار و مدار نیت اور تلبیہ کہنے پر ہے  اور  مرد کے لیے بغیر سِلا لباس  پہننا یا احرام کی چادر باندھنا  ، ان پابندیوں میں سےایک پابندی ہے،  صرف چادر کا نام حالتِ احرام نہیں ہے،  لہٰذا نہانے کے لیے اِحرام  کی چادریں اتارنے میں شرعاً  کوئی حرج نہیں  ہے ۔

     چنانچہ اِحرام باندھنے کے بعد محرم ہونے کی حالت میں  نہانا خود نبی پاک صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  اور آپ کے اَصحابِ کرام عَلَیْہِمُ الرِّضْوَان کے عملِ مبارک سے ثابت ہے  اور یہ  بات واضح ہے کہ نہانے کےلیے لباس اُتارا  جاتا ہے ، لہٰذا  اشارۃ ً ان روایات  سے بھی معلوم ہوا کہ اِحرام کا لباس اتارا  جا سکتاہے ۔

     صحیح بخاری شریف میں ہے :حضرت عبد اللہ بن حنین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ بیان کرتے ہیں کہ حضرت عبداللہ بن عباس اور حضرت مسور بن مخرمہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا کا مقام ِابواء میں (ایک مسئلہ پر) اختلاف ہوا، حضرت  عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا نے  فرمایا کہ محرم غسل کرتے ہوئے سر دھوئے گااور حضرت مسور بن مخرمہ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ نے فرمایا کہ  اپنا سر نہیں دھوئے گا، تو(روای ،  حضرت عبد اللہ بن حنین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کہتے ہیں ) مجھے حضرت عبد اللہ بن عباس  نے حضرت ابوایوب انصاری  رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کے پاس  (مسئلہ پوچھنے کے لیے ) بھیجا، میں جب ان کی خدمت میں پہنچا  ، تو وہ دو لکڑیوں کے بیچ غسل کر رہے تھے اور انہوں نے ایک کپڑے سے پردہ کر رکھا تھا ، میں نے پہنچ کر سلام کیا  ، تو انہوں نے استفسار فرمایا کہ کون ہو؟ میں نے عرض کیا کہ میں عبداللہ بن حنین رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ ہوں، آپ رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ کی خدمت میں مجھے عبداللہ بن عباس رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُمَا  نے یہ معلوم  کرنے کے لیے  بھیجا ہے کہ احرام کی حالت میں رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  (غسل کرتے ہوئے )سر مبارک کس طرح دھوتے تھے ، ( یہ سن کر ) انہوں نے کپڑے پر (جس سے پردہ  کیا تھا ) ہاتھ رکھ کر اسے نیچے کیا، یہاں تک کہ آپ کا سر دکھائی دینے لگا ،  پھر جو شخص ان کے بدن پر پانی ڈال رہا تھا، اس سے انہوں نے پانی ڈالنے کے لیے کہا ، اس نے ان کے سر پر پانی ڈالا، پھر انہوں نے اپنے سر کو دونوں ہاتھوں سے ہلایا اور دونوں ہاتھ آگے لے گئے اور پھر پیچھے لائے  اور فرمایا : هكذا رأيته صلى اللہ عليه وسلم يفعل  ترجمہ : میں نے رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  کو(احرام کی حالت میں)اسی طرح کرتے دیکھا تھا۔ (صحیح البخاری ، کتاب  العمرة ، باب الاغتسال للمحرم  ، جلد 1 ، صفحہ337 ، مطبوعہ لاھور )

     امام ابو بکر احمد بن حسین بیہقی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (سالِ وفات: 758ھ ) نقل کرتے  ہیں : ويروى عن النبي صلى اللہ عليه وسلم أنه اغتسل وهو محرمترجمہ :  مروی ہے کہ نبی کریم صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  نے محرم ہونے کی حالت میں غسل فرمایا ۔ (معرفة السنن والآثار، کتاب المناسک ، الغسل بعد الاحرام ، جلد 7، صفحہ 175، مطبوعہ  دار قتیبہ ، دمشق ، بیروت )

     ملک العلماءعلامہ کاسانی حنفی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (سالِ وفات:587ھ/1191ء) لکھتے ہیں: ولا بأس بأن يحتجم المحرم ، ويدخل الحمام ويغتسل …وأما الاغتسال فلما روي أن رسول اللہ  صلى اللہ عليه وسلم اغتسل وهو محرم  ترجمہ : اور محرم   کے پچھنے لگانے  ، حمام میں داخل ہونے اور غسل  کرنے میں کوئی حرج نہیں ، بہرحال غسل کرنا اس لیے جائز ہے کہ رسول اللہ صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ  نے احرام کی حالت میں غسل  فرمایا ۔(بدا ئع الصنائع، کتاب الحج ،فصل تطییب المحرم ، جلد2،صفحہ191،مطبوعہ دار الکتب العلمیہ )

     علامہ بُر ہانُ الدین  مَرْغِینانی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (سالِ وفات:593ھ/1196ء) لکھتے ہیں: ولا بأس بأن يغتسل ويدخل ‌الحمام  ،  لأن عمر رضي اللہ عنه اغتسل وهو محرم ترجمہ : اور محرم کے غسل کرنے اور حمام میں داخل ہونے میں کوئی حرج نہیں ، کیونکہ حضرت سیدنا عمر فاروق اعظم رَضِیَ اللہ تَعَالٰی عَنْہُ  نے محرم ہونے کی حالت میں  غسل فرمایا ۔ (الھدایہ،کتاب الحج  ،باب الاحرام ،  جلد 1 ،  صفحہ 136،مطبوعہ دار  احیاء التراث العربی ، بیروت )

     موسوعہ فقہیہ  کویتیہ میں ہے : لا خلاف بين الفقهاء في جواز اغتسال المحرم بالماء والانغماس فيه ترجمہ : مُحرم کے لیے پانی سے غسل کرنے اور اس میں غوطہ لگانے  کے مسئلہ میں  فقہائے کرام کے درمیان کوئی اختلاف نہیں ۔ (الموسوعۃ الفقھیۃ الکویتیۃ، جلد35، صفحہ78، مطبوعہ وزارتِ اوقاف، کویت)

     حالتِ احرام میں جن اُمور کی اجازت ہے اُن کا بیان کرتےہوئے صدر الشریعہ مفتی محمد امجد علی اعظمی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ (سالِ وفات:1367ھ/1947ء) لکھتے ہیں: بے میل چھڑائے حمام کرنا (پانی میں نہانا )، غوطہ لگانا  (جائز ہے )۔(بھار شریعت، جلد1، حصہ6، صفحہ، 1080، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ، کراچی )

     حقیقۃً احرام  خاص حالت کا نام ہے ،   نہ کہ احرام میں باندھی جانے والوں چادریں احرام ہیں ، ہاں مجازاً ان چادروں کو احرام کہا جاتاہے ، چنانچہ اِحرام  کی تعریف کے متعلق قاضی ابو الحسن على بن حسین السغدى حنفی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ  (سالِ وفات : 461ھ /1068ء)  لکھتے ہیں : اما الاحرام فھو التلبیۃ  مع وجود النیۃ ترجمہ : بہر حال احرام تو وہ  (حج یا عمرہ یا دونوں کی ) نیت کے ساتھ تلبیہ پڑھنے کو کہا جاتاہے ۔ (النتف فی الفتاوی ، کتاب المناسک ، فرائض الحج ، صفحہ 133 ، مطبوعہ کوئٹہ )

     رفیق الحرمین  میں ہے: جب حج یا عمرہ یا دو نوں کی نیت کرکے تلبیہ پڑھتے ہیں،تو بعض حلال چیز یں بھی حرام ہوجاتی ہیں  ، اس لئے اس کواحرام  “کہتے ہیں ۔اور مجازاً ان بغیر سلی چادرو ں کو بھی احرام کہا جاتا ہے جن کو احرام کی حالت میں استعمال کیا جاتا ہے۔ (رفیق الحرمین ، صفحہ 58 ، مطبوعہ مکتبۃ المدینہ ، کراچی )

     اور محرم کےلیے احرام کے لباس کو تبدیل کرنا ،جائز ہے ،چنانچہ نبی پاک صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ سے احرام تبدیل کرنا ثابت  ہے ، جیساکہ السنن الکبری للبیہقی میں ہے : عن عكرمة مولى ابن عباس أن النبي صلى اللہ  عليه وسلم غير ثوبيه بالتنعيم وهو محرم ترجمہ : حضرت سیدنا عکرمہ جو حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کے آزاد کر دہ  غلام ہیں، آپ سے روایت ہے کہ نبی پاک صَلَّی اللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ نے حالت ِ احرام میں مقامِ تنعیم پر اپنے احرام کے  دونوں کپڑوں کو تبدیل فرمایا۔(السنن الكبرى للبيهقي ، جلد 5 ، صفحہ 82 ، مطبوعہ  دار الکتب العلمیہ ، بیروت )

     اور  صحیح بخاری شریف میں ہے : ”وقال إبراهيم لا بأس أن ‌يبدل ‌ثيابه“ ترجمہ : امام ابراہیم نخعی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ فرماتے ہیں  کہ محرم کے احرام ( پہننے کے بعد اُسے )تبدیل کرنے میں کوئی حرج  نہیں ۔ (صحیح البخاری، کتاب المناسک ، باب ما یلبس المحرم من الثیاب ،  جلد1،  صفحہ 293، مطبوعہ لاھور)

     علامہ شمسُ الدین محمد عرفہ دسوقی رَحْمَۃُاللہ تَعَالٰی عَلَیْہِ”حاشیۃ الدسوقی علی الشرح الکبیر“ میں لکھتے  ہیں : ” (قوله: وجاز إبدال ثوبه) أي ‌جاز للمحرم أن يبدل ثوبه الذي أحرم فيه بغيره سواء كان الثوب إزارا أو رداء ترجمہ :  اور محرم کےلیے یہ جائز ہے کہ جس لباس میں احرام کی نیت کی تھی  ، اسے تبدیل کرکے کوئی اور لباس  پہن لے ، خواہ نیچے کا لباس بدلے یا اوپر کی چادر  کو بدلے۔ (حاشية الدسوقي علي الشرح الكبير ، جلد 2 ، صفحہ 57 ، مطبوعہ  دار الفکر )

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم