Tawaf e Kaaba Ke Baaz Chakkar Baghair Wazu Laga Liye To Kya Hukum Hai

طوافِ کعبہ کے بعض چکر بغیر وضو لگا لئے تو کیا حکم ہے

مجیب: ابومصطفی محمد کفیل رضامدنی

فتوی نمبر: Web-399

تاریخ اجراء: 23ذوالحجۃالحرام1443ھ/23 جولائی 2022ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کسی نے طواف خانہ کعبہ کے کچھ چکر بغیر وضو لگا لئے تو کیا حکم ہے ؟ اور کفارہ لازم ہونے کی صورت میں کیا اعادہ سے کفارہ ساقط ہو جاتا ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   اگر طوافِ زیارت  کل یا اکثر یعنی چار پھیرے بے وضو کئے تو دَم واجب ہوجائے گا۔ مکۂ مکرمہ میں ہوتے ہوئےایسے طواف کا اِعادہ مستحب ہے،اِعادہ کرنے پر دَم ساقط ہو جائے گا۔ طوافِ زیارت کے تین یا اس سے کم پھیرے وضو کے بغیر کئے،تو ہر پھیرے کے بدلے ایک صدقہ دینا ہوگا،اِعادہ کرنے پر صدقہ ساقط ہو جائے گا۔

اگر عمرے کے طواف میں کسی نے تمام يا اكثر پھیرے بےوضو کئے، تو اِعادہ کرنا مستحب ہے۔ اِعادہ نہ کیا، تو ایک دَم دینا لازم ہوگا۔ اگر کسی نے طوافِ عمرہ کا اَقَل حصہ یعنی ایک یا دو یا تین پھیرے بےوضو کئے، توبھی دَم ہی ہوگا۔اگر مکۂ مکرمہ میں رہتے ہوئے یا واپس آکر اِعادہ کر لیتا ہے، تو دَم ساقط ہو جائے گا۔ بے وضو عمرہ کاطواف کرنے میں اعادے سے جو کفارہ ساقط ہوتا ہے، اس میں قارن کے الگ احکام ہیں۔

   اگر کسی نے طوافِ وَداع،طوافِ قُدوم یا کوئی نفلی طواف مکمل یا اس کا اکثر حصہ یا اَقَل حصہ بےوضو کیا۔ ان تمام صورتوں میں ہرچکر کے بدلے ایک صدقۂ فطر دینا ہوگا۔مکۂ مکرمہ میں رہتے ہوئے ایسے طواف کا اِعادہ مستحب ہے اگر اِعادہ کر لیا، تو صدقہ ساقط ہو جائے گا۔(27واجبات حج،ملخصا،صفحہ149- 153،مکتبۃ المدینہ)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم