Bilawaja Biwi Aur Bachon Ka Nan o Nafqa Ada Na Karna

بلاوجہ بیوی اوربچوں کانان ونفقہ ادانہ کرنا

مجیب:عبدہ المذنب محمد نوید چشتی عفی عنہ

فتوی نمبر: WAT-1084

تاریخ اجراء:19صفرالمظفر1444 ھ/16ستمبر2022 ء

دارالافتاء اہلسنت

(دعوت اسلامی)

سوال

   اگر کوئی شخص اپنی بیوی  اور بچوں کا نان نفقہ ادا نہ کرے حتی کہ بیوی اپنے تمام اخراجات  پورے کرنے کےلیے مکمل طور پر اپنے والدین اور بہن بھائیوں پر منحصر ہو ،اور یہ سلسلہ کئی سالوں سے جاری ہے ،خاندان کے بڑے افراد کی مداخلت کے باوجود شوہر نفقہ نہ دےاور صورتحال بگڑتی جارہی ہوتو بیوی کےلیے کیاحکم ہے؟

بِسْمِ اللہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِيْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

   پوچھی گئی صورت میں مذکورہ  شخص  اپنی بیوی اوربچوں کا نان نفقہ ادا  نہ  کرنے کی وجہ  سے سخت گنا ہ گار ہےکہ صحیح مسلم شریف میں حدیث پاک ہے:رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمايا: کہ”آدمی کو گنہگار ہونے کے ليے اتنا کافی ہے کہ جس کا کھانا اس کے ذمہ ہو، اُسے کھانے کو نہ دے۔“

   اس شخص پر لازم  ہےکہ  اپنے اس گناہ سے توبہ کرے اور اپنے بیوی بچوں  کا نان نفقہ پورا کرے ،اگر وہ کسی بھی طرح   نان نفقہ پورا کرنے پر راضی نہیں  ہے  تو ا س پر لازم ہےکہ اپنی بیوی کو طلا ق دے، یوں معلق نہ چھوڑے ، اوراگر بیوی شوہر کی طرف سے نان نفقہ نہ ملنے کی وجہ سے اس  کےساتھ مزیدزندگی نہیں گزار سکتی تو بیوی  کےلیے بھی  طلاق کا مطالبہ کرنا ، جائز ہے،البتہ طلاق کا مطالبہ کرنے سے پہلے بیوی کو چاہیےکہ اپنے خاندان کے بڑے افرادوالدین وغیرہ سے مشورہ کرلے اور ان کے مشورے کےمطابق عمل کرے ۔

   سیدی اعلیٰ  حضرت رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے  فتاویٰ رضویہ  میں ایک  مسئلے کا جواب دیتےہوئے ارشاد فرمایاکہ ’’جب نکاح باقی ہے،تو اس صورت  میں زید پرفرض ہے کہ یا تو اسے طلاق دے دے یا اس کے نان نفقہ کی خبر گیری کرے، ورنہ یو ں معلق رکھنےمیں زید بے شک گنہگار ہےاور صریح حکمِ قرآن کاخلاف کر نے والا۔قرآن پاک میں ہے﴿فَلاَ تَمِیْلُوْا کُلَّ الْمَیْلِ فَتَذَرُوْہَا کَالْمُعَلَّقَۃِترجمہ کنز الایمان:’’ تو یہ تو نہ ہو کہ ایک طرف پورا جھک جاؤکہ دوسری کو اَدھرمیں لٹکتی چھوڑ دو۔“        (فتاوی رضویہ ،جلد13،صفحہ435، رضا فاؤنڈیشن، لاھور)

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَرَسُوْلُہ اَعْلَم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم